ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چلڈرن اسپتال کی بندش ، جماعت اسلامی اور عملے کا شدید احتجاج

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سندھ چلڈرن اسپتال شادمان ٹائون کی بندش کیخلاف اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

 

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع وسطی میںقائم 2500 بچوںکو روزانہ علاج کی سہولت فراہم کرنے والا اسپتال سندھ حکومت کی نا اہلی ، کرپشن و عوام دشمنی کی وجہ سے ایک بار پھر بند ہو گیا ہے۔چلڈرن اسپتال کے عملے کو 7 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں، علاج وادویات نہ ملنے پراسپتال کے دروازے پر کئی معصوم بچے اپنی جان سے چلے گئے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادمان ٹائون میںقائم ضلع وسطی کے واحد چلڈرن اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے میںسندھ چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عملے کی بڑی تعداد کے علاوہ جماعت اسلامی کے کارکنان بھی شریک تھے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ سندھ میں صحت کا نظام عملاً زرداری کاخاندان ہی چلارہا ہے، سندھ حکومت کے 172 ارب والے صحت کے بجٹ میں چلڈرن اسپتال کے ملازمین کو تنخواہیں اور اسپتال کو ادویات دینے کے پیسے کیوں نہیں؟این جی اوز کو اسپتا ل و اسکول دینے کا منصوبہ سندھ حکومت کی نااہلی ،رشوت و کمیشن کی وجہ سے ناکام ہو چکا ہے۔ اسپتال کے لیے سندھ حکومت پر ڈھائی ارب سے زیادہ رقم واجب الادا ہے، وفاق کی بھی اس معاملے پرخاموشی جرم میں شرکت ہے۔ عدلیہ سے بھی درخواست ہے کہ اس سنجیدہ انسانی جانو ں کے مسئلے پر توجہ دی جائے اوراسپتال کو بحال کیا جائے، ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جائیں ،جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت چلڈرن اسپتال کے مسائل حل کرنے کے لیے مستقل کاوشیں جاری ہیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اتنے بڑے منصوبے کو تباہ و برباد کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔جماعت اسلامی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور چلڈرن اسپتال کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ امیر ضلع وسطی نے مظاہرے سے قبل اسپتال کے چیف ایگزیکٹیو سے بھی ملاقات کی اور مسائل کے حل کی جانب متوجہ کیا۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں