لاہور: مرکزی جمعیت اہل حدیث کے نائب امیر ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ اقتدار سے علیحدگی کے بعد سابق وزیراعظم پر پاگل پن کے دورے پڑرہے ہیں۔ پارلیمنٹ، ریاستی اداروں اور عدلیہ پر تنقید کے بعد عمران خان کا اپنے قتل کی سازش کا بیان ملک میں خانہ جنگی کروانے کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ساڑھے تین سالہ حکومتی کارکردگی کا حساب دینے کی بجائے الزام تراشی کر کے فارن فنڈنگ کیس کے ممکنہ فیصلے پر شرمندگی سے بچنے کے لئے الزامات کی سیاست کر رہے ہیں مگر دنیا اور میڈیا جانتی ہے کہ عمران خان بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہیں حکومت ملی تو خود کو حکمران ثابت کرنے میں ناکام رہے
اور اب جب اپوزیشن کرنے کا موقع ملا ہے تو پی ٹی آئی کی قیادت راہ فرار اختیار کر کے احتجاج اور تصادم کی راہ راہ پر چل نکلی ہے۔ عمران خان کی نااہلی کو عوام نہیں بھولی ۔پی ٹی آئی چیرمین جھوٹ کی بنیاد پر ایک بار توعوام کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، لیکن ہر بار نہیں ۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا عمران خان الزامات عائد کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی عوام کو بتائیں کہ
انہوں نے مہنگائی بیروزگاری کے ذریعے عوام کا کس طرح جینا دوبھر کر دیا تھا۔ اب جعلی لیٹر اور وڈیوز کی دھمکیوں کے پیچھے چھپ کر عمران خان اپنی جان نہیں چھڑا سکتے۔ انہیں اپنے عرصہ اقتدار کا حساب دینا ہوگا۔ عوام اب ان کے کے فریب میں آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوئے پی ٹی آئی کو اپنی اوقات کا اندازہ ہوجائے گا۔