سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ معاملات گہرے اور تشویشناک ہیں، مشکل فیصلوں میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے معاملات پر قابو پایا جائے، آج سیاسی مفادات کو پیچھے کرکے ملک کو اولین ترجیح دینا پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت نے 4 سال میں خرابیاں پیدا کی ہیں، سیاسی مفادات کو پیچھے ڈالنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں ان میں سیاست ثانوی حیثیت اختیار کرگئی ہے، غلطیاں کسی اور کی ہیں، معیشت کی حالت کو ملاحظہ کرلیں۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہنگائی مہینے میں نہیں آتی، مہنگائی 4 سال کا سفر ہے،ہم نے 97 میں بھی یہی حالات دیکھے،ہم نے مہنگائی کم کی،عمران خان کی کرپشن اور کوتاہیوں کی مثال کسی اور ملک میں نہیں ملے گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قرض پر قرض لیتے رہے اور ملک چلاتے رہے، ان معاملات پر قابو پانا آسان نہیں ہوتا، انشاء اللّٰہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے، عوام کیلئے خوش خبری ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی ہے۔