ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الیکشن کمیشن کا 25 منحرف اراکین اسمبلی کی رکینیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکینیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ریفرنس پر اراکین کو ڈی سیٹ کرنے فیصلہ دیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب اسمبلی کے عمومی نشستوں پر منتخب ہونے والے 20 اراکین، خواتین کی مخصوص نشستوں پر 3 اور اقلیتی نشستوں پر براجمان 2 اراکین کی رکنیت ختم کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگھا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، نعمان لنگڑیال، محمد سلمان نعیم، زوار حسین وڑائچ، نذیر احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گِل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم، فیصل حیات صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے 20 مئی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کی حمایت کرنے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ دیا گیا تھا جس کا اعلامیہ آج جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی روشنی میں فیصلہ اتفاق رائے سے سنایا تھا، تاہم تحریک انصاف کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی تاحیات نااہل قرار نہیں دیا گیا تھا۔

ان میں سے متعدد اراکین کا تعلق جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ اور اسد کھوکھر گروپ سے تھے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد منحرف اراکین اسمبلی کے وکیل خالد اسحٰق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر ہو سکتی ہے اور قانون کے مطابق 30 دن میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ 90 دن میں اپیلوں پر فیصلہ کر سکتی ہے تاہم اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا۔

ای سی پی نے ایک روز قبل اس کیس میں مدعا علیہان کو نوٹس جاری کیے تھے۔

کمیشن نے 17 مئی کو ریفرنس پر اپنا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا اعلان آئندہ روز (بدھ) کو 12 بجے کیا جائے گا تاہم بعد میں اس اعلان کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کے ووٹوں نے حمزہ شہباز کو اکثریت حاصل کرنے میں مدد دی، انہوں نے مجموعی طور پر 197 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ سادہ اکثریت کے لیے 186 ووٹ درکار تھے۔

حمزہ شہباز کے 16 اپریل کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کو منحرف قرار دینے کا اعلامیہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہٰی کو بھیجا تھا، جو وزیر اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی،پی ایم ایل (ق) کے مشترکہ امیدوار بھی تھے۔

بعد ازاں پرویز الہٰی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا اور اس پر زور دیا تھا کہ ان قانون سازوں کو پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ ڈال کر پی ٹی آئی سے منحرف ہونے پر ڈی سیٹ کیا جائے۔

ڈی سیٹ ارکان اسمبلی کے نام اور حلقے

صغیر، پی پی 7 راولپنڈی

ملک غلام رسول سانگھا، پی پی 83 خوشاب

سعید اکبرخان نوانی، پی پی 90 بھکر

محمد اجمل چیمہ، پی پی 97 فیصل آباد

عبد العلیم خان، پی پی 158 لاہور

نذیر احمد چوہان، پی پی 167 لاہور

محمد امین ذوالقرنین، پی پی 170 لاہور

ملک نعمان لنگڑیال، پی پی 202 ساہیوال

محمد سلمان نعیم، پی پی 217 ملتان

زوار حسین وڑائچ، پی پی 224 لودھراں

نذیر احمد خان، پی پی 228 لودھراں

فدا حسین، پی پی 237 بہاولنگر

زہرا بتول، پی پی 272 مظفر گڑھ

محمد طاہر، پی پی 282 لیہ

اسد کھوکھر، پی پی 168 لاہور

محمد سبطین رضا، پی پی 273 مظفر گڑھ

محسن عطا خان کھوسہ، پی پی 288 ڈی جی خان

میاں خالد محمود، پی پی 140 شیخوپورہ

مہر محمد اسلم، پی پی 127 جھنگ

فیصل حیات جبوانہ، پی پی 125 جھنگ

ہارون عمران گل، این ایم 364 اقلیتی نشست

اعجاز مسیح، این ایم 365 اقلیتی نشست

عائشہ نواز، ڈبلیو 322 مخصوص نشست

ساجدہ یوسف ڈبلیو 327 مخصوص نشست

عظمیٰ کاردار ڈبلیو 311 مخصوص نشست

خیال رہے آئین کے آرٹیکل 63 اے کے مطابق کسی رکن پارلیمنٹ کو انحراف کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے، اس کارروائی کے لیے پارٹی کا سربراہ اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اسپیکر الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن منحرف رکن کی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں