کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھار ت کیخلاف میچ تاریخی ہوتا ہے، پوری دنیا پاک بھارت میچ کو دیکھتی ہے اور بھارت کے خلاف میچ سے ہم بھی بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بھی بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے جو ہم بھارت کے خلاف کریں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا، 23اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا تاریخی میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔گزشتہ برس دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دے کر آئوٹ کلاس کیا تھا۔کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں لیکن پاکستان کے لیے مشکل نہیں ہو گی، پاکستان آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو جانتا ہے کہ وہاں کیسی کرکٹ کھیلنی ہے اور کیسے کامیاب ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا میں مثبت کرکٹ کھیلنی ہے اور اس پر کام ہو رہا ہے، دبئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مختلف کرکٹ کھیلنے کے عزم کے ساتھ گئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سب ٹیمیں مقابلے کے لیے آتی ہیں اور ہم بھی مقابلے کے یقین کے ساتھ گئے تھے، ہمارے ذہن میں بس یہ تھا کہ مقابلہ کرنا ہے، مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے۔کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اچھا کھیلنے کا یقین ہونا چاہیے، نتائج بھی مل جاتے ہیں، دبئی میں مختلف اور مثبت کرکٹ کھیلی جسے سب نے سراہا۔