اسلام آباد:سابق چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ویڈیو بنانے والی خاتون طیبہ فاروق نے کہا ہے کہ عمران خان نے چیئر مین نیب کو ویڈیو دکھاکر بلیک میل کیا اور اپنے کیسز ختم کرائے ،سابق وزیراعظم سے میری اور شوہر کی ملاقاتیں ہوئیں ، تقاضا تھا کچھ اور ہے تو وہ بھی دیں۔
نجی ٹی وی کے سینئر اینکر پرسن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کہنا تھا کہ انصاف لینے کےلئے وزیر اعظم عمران خان کو چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی نازیبا ویڈیو دی لیکن مجھے انصاف نہیں ملا ،چیئر مین نیب کو وہی ویڈیو دکھا کر بلیک میل کیا گیا جس کے بعد عمران خان کے نیب سے ہیلی کاپٹر کیس ، پرویز خٹک اور مالم جبہ کیس ختم ہوگئے۔ انہوں نے بے شمار فائدہ اٹھائے ہیں ،مجھے ایک کیس دکھا دیں جو ان کےخلاف چلا ہو یا انجام تک پہنچا یا کوئی گرفتاری ہوئی ہو۔
طیبہ فاروق کا کہنا تھاکہ عمران خان سے میری اور شوہر کی بہت ملاقاتیں ہوئیںاور وعدہ ہوتا تھا آپ کو انصاف ملے گا ، انہوںنے مجھے کیا انصاف دینا تھا یہ خود چیئر مین نیب کو بلیک میل کرتے رہے ،خود اپنے کام کرواتے رہے، عمران خان سے ملاقاتوں میں تقاضا ہوتا تھا کچھ اور ہے تو وہ دیں لیکن میں نے ان پر اعتماد نہیں کیا اور پھر میں نے ان سے ملنا اور فون سننا سب کچھ چھوڑ دیا ۔