کیف: جی سیون اجلاس میں بڑے فیصلوں کے باوجود روس کے یوکرین پر میزائل حملے جاری ہیں‘یوکرین کے ایک شاپنگ مال پر روسی میزائل حملے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے شہرکریمینچوک کے شاپنگ مال پر روسی میزائل حملہ کیا گیا جس کے متعلق یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 16 افراد ہلاک اور 58 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
یوکرینی صدر زیلینسکی کے مطابق مال میں حملے کے وقت تقریباً ایک ہزار افراد موجودتھے لیکن خوش قسمتی سے کئی لوگ باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب یوکرین کے ایک اور شہر خارکیف میں بھی روسی شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔
اس حوالے سے مقامی گورنرکا کہنا ہےکہ روسی شیلنگ میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔ روسی افواج نے وسطی یوکرین میں شاپنگ مال کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔نیٹو نے مشرقی یوکرین میں ہائی الرٹ فوجیوں کی تعداد سات گنا سے زائد بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
نیٹو چیف جینز اسٹولٹن برگ ماسکو کو بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہائی الرٹ فوجیوں کی تعداد کو تین لاکھ تک بڑھایا جائے گا ، رو س کے یوکرین پر حملہ نے بڑی جغرافیائی تبدیلی کو جنم دیا ہے ،نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔