کراچی: ملک میں خدمات فراہم کرنے والی ٹیلی کام اور انٹرنیٹ کمپنیوں نے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دوران سروسز معطل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
کمپنیوں کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹیکو لکھے گئے مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ اور ٹیلی کام آلات کی درآمد پر کیش مارجن کی شرط کی وجہ سے بیک اپ بیٹریز کی قلت کے باعث ملک میں ٹیلی کام سروسز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
خط میں آگاہ کیا گیا ہے کہ بجلی بحران کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں کو خدمات جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے- طویل لوڈ شیڈنگ اور بیک اپ آلات کی درآمد میں رکاوٹ کی وجہ سے ٹاور اور تنصیبات کے لیے بیک اپ بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن نہیں رہی۔ٹیلی کام کمپنیوں نے حالات قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ریگولیٹر کو آگاہ کیا ہے کہ بجلی کے بحران کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے سروس کے معیار اور نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق لائسنس کی شرائط پوری کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کام آلات اور بیک اپ بیٹریاں درآمد کرنے میں مشکلات کے باعث شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مہنگے ایندھن پر کئی کئی گھنٹے بیک اپ فراہم کرکے سیلولر ٹاورز کو ان رکھنا مشکل کام ہے کیونکہ اس سے بہت زیادہ اخراجات بڑھ رہے ہیں۔
ٹیلی کام کمپنیوں نے پی ٹی اے سے اپیل کی ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور آلات کی درآمد پر کیش مارجن کا معاملہ متعلقہ اتھارٹیز کے سامنے اٹھایا جائے اور اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔