پیرس : فرانس نے یوکرین کو مزید 6 جدید سیزر ہووٹزر اور بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے جبکہ جوبائیڈن کا یوکرین کو مزید آٹھ سو ملین ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس جلد یوکرین کوفوجی امداد فراہم کرے گا جس میں مزید 6 سیزر ہووٹزر اور بکتر بند گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس، اتحادی اور شراکت دار یوکرین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، نیٹو رہنماؤں نے چند روز قبل ہونے والے یورپی کونسل اور جی 7 اجلاس میں یوکرین کے لیے اپنی اقتصادی، انسانی اور فوجی امداد کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کو مزید آٹھ سو ملین ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین کو دئیے گئے امدادی پیکج میں جدید ترین فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔
نیٹو اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا اور نیٹو ممالک اس وقت تک یوکرین کی امداد جاری رکھیں گے جب تک یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کیف کو ماسکو کے ہاتھوں شکست نہیں ہو گی۔