پنجاب پولیس نے جعلی سب انسپیکٹر کو گرفتار کرلیا جو خود کو لاہور کے تھانے اقبال ٹاؤن کا ایس ایچ او ظاہر کررہا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکپتن تھانہ سٹی پولیس نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو روکا تو اُس نے خود کو اقبال ٹاؤن تھانے کا سب انسپیکٹر ظاہر کیا۔
اہلکاروں نے جب جعلی ایس ایچ او سے سوالات کیے تو وہ پھنس گیا جس پر اُس سے کوائف طلب کیے گئے اور پھر یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کا تعلق محکمہ پولیس سے نہیں ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سب انسپیکٹر بن کر گھومنے والا شخص وردی میں تھا، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
تھانہ سٹی پاکپتن نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے حوالات میں بند کرکے تفتیش شروع کردی۔