کراچی:امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بڑہتی ہوئی مہنگائی سمیت آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پراظہار تشویش اورمہنگائی مارچ کرنے والوں کی مجرمانہ خاموشی کولمحہ فکریہ قراردیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف اپنی تحریک کا آغازکردیا ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ اس سلسلے میں کراچی تاکشمور سندھ میں مہنگائی کے خلاف ریلیاں ،جلسے جلوس، مظاہرے اوردھرنے دیئے جائیں گے،عوام مہنگائی وحکومتی بے حسی کے خلاف اور اسلامی وخوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہاکہ توشہ خانہ،گندم اورچینی چور چوروں کے ٹولے نے مصنوعی بحران اورمہنگائی کے طوفان کے ذریعے غریب آدمی کا جینا مشکل بنادیا ہے،امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے پہلے ہی کہہ دیا تھاکہ پی ٹی آئی،پی ڈی ایم اورپیپلزپارٹی میں کوئی فرق نہیں ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ سب ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں بلکہ اپنے مفادات کے محافظ اورباریاں لیکرقومی دولت کی لوٹ مارکرتے ہیں۔ان کی مفادپرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا اپنے بچوں کی بھوک بجھانے کے لیے چندکلوآٹے کے لیے دربدرہیں۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ نااہل حکمراں عوام کو سستا آٹا بھی فراہم نہیں کرسکتے،بزرگ شہری مرد وخواتین لمبی قطاروں میں لگ کرخوار ہورہے ہیں مگربے حس حکمرانوں کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگتی۔
