لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلام روشنی ہے جس کے نتیجے میں ظلم کے اندھیرے چھٹ جاتے ہیں۔ جب تک ملک میں اسلام کی روشنی کو پھیلایا نہیں جائے گا، ملک اور معاشرتی اقدار میں بہتری نہیں آ سکتی۔
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہا کہ بڑے ممالک چھوٹے ممالک کے حقوق تلف کرتے رہیں گے، حتیٰ کہ اسلامی نظام کے بغیر بڑے صوبے چھوٹے صوبوں کو حقوق نہیں دیں گے۔
راشد نسیم نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا پر غیر اسلامی طاقتوں کی یلغار ہے اور بدقسمتی سے مسلمان ممالک کے حکمران بھی استعماری طاقتوں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام بحرانوں کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ اسلامی نظام آئے گا تو ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہو گا، ملکی خزانہ اور توشہ خانہ پر کوئی ہاتھ صاف نہیں کر سکے گا۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام کی روشنی پھیلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، عوام ہمارا ساتھ دے۔
