ایران میں عدلیہ نے سابق ایرانی صدر اکبر ہاشمی رفسنجانی کی بیٹی فائزہ ہاشمی رفسنجانی کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی
ہاشمی کی وکیل ندا شمس نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ عدالت نے اتوار کو فائزہ ہاشمی رفسنجانی کے خلاف الزامات پر غور کرنے کے لیے سماعت کی اور فائزہ کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔
اس سے قبل تہران میں انقلابی عدالت کی پندرہویں شاخ کی ابتدائی عدالت نے فائزہ ہاشمی رفسنجانی کو حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ سرگرمیوں کے جرم کے ارتکاب پر 6 ماہ قید اور سیاسی، ثقافتی اور صحافتی سرگرمیوں سے 5 سال کی پابندی عائد کی تھی۔
یاد رہے انسٹھ سالہ فائزہ ہاشمی رفسنجانی اصلاح پسند حزب کارگزاران پارٹی کی رکن ہیں، اس سے قبل بھی فائزہ کو اسلامی جمہوریہ کے خلاف پروپیگنڈے کے الزام میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اکبر ہاشمی رفسنجانی کو سال 1979 میں انقلاب کی فتح کے بعد اس دور کی سب سے نمایاں ایرانی شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور انہوں نے 1989 سے 1997 کے درمیان ملک کی صدارت سنبھالی تھی ۔
وہ اعتدال پسند گروہ سے وابستہ تھے اور مغربی ممالک اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے حامی تھے۔