اسلام آباد: تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے جانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے جن مزید ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میںشاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمن، عالمگیر خان، علی حیدر زیدی، آفتاب صدیقی، عطا اللہ، آفتاب جہانگیر، اسلم خان، نجیب ہارون، قاسم سوری، شہریار آفریدی، عمران خٹک، پرویز خٹک، اسد قیصر، عمر ایوب اور مراد سعید، ملک عامر ڈوگر،شفقت محمود،حماد اظہر،ثنا اللہ مستی خیل، فواد احمد اور منصور حیات و دیگر بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر کنول شوذب اور عالیہ حمزہ ملک کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے ارکان نے قومی اسمبلی سے استعفا دے دیا تھا، تاہم اسپیکر راجا پرویز اشرف نے چند استعفے منظور کرنے کے ساتھ باقی دیگر منظور نہیں کیے تھے اور استعفے دینے والے ارکان سے ایک ایک ہوکر تصدیق کے لیے پیش ہونے کا کہا تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ ایک روز قبل ہی چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں نگراں سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپسی کا بیان جاری کیا تھا جب کہ آج ہی نیب قوانین میں ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے بھی پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں جاکر قانون سازی کا حصہ بننے کی ہدایت کی تھی کہ اسی اثنا میں پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے گئے۔
