خانیوال میں آئی ایس آئی کے 2 افسران کو شہید کرنے والے دہشت گرد کو سیکورٹی اداروں نے ایک آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عمر نیازی نامی دہشت گرد نے 3 جنوری 2023ء کو حساس ادارے کے ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کو خانیوال میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔
انٹیلی جنس ایجنسیز نے شب و روز دہشت گرد کا پیچھا کیا اور انتہائی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اسے افغانستان فرار ہونے سے پہلے گرفتار کر لیا۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کرم ایجنسی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کاروائی کی اور عمر نیازی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،تاہم بعد ازاں وہ ہلاک ہو گیا۔
شہید ڈائریکٹر نوید آئی ایس آئی CT ڈویژن میں تقریباً 18 سالہ تجربہ رکھتے تھے۔ ڈائریکٹر نوید اور انسپکٹر ناصر پاکستان کے درجنوں بدنام زمانہ دہشت گردوں کی ہلاکت اور گرفتاری میں کلیدی کردار تھے۔
