کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نکاح ہوگیا۔
شاہین شاہ آفریدی کا نکاح سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی کی چھوٹی صاحبزادی انشا سے ڈی ایچ اے کی مقامی مسجد میں انجام پایا۔
تقریب نکاح میں نزدیکی رشتے دار اورعزیز و اقارب شریک ہوئے۔ پاکستانی پیسر اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کے ہمراہ نکاح کے لیے پہنچے۔بعدازاں عصرانہ دیا گیا، جس میں قومی کپتان بابر اعظم، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، نسیم شاہ آل راونڈر شاداب خان، سابق عالمی اسکواش چیمپئین جہانگیر خان و دیگر بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب نکاح کی خوشی میں شاہد آفریدی کی جانب سے جمعہ کی عشائیہ دیا جائے گا۔مقامی کلب میں ہونے والی تقریب عشائیہ میں رشتے دار، عزیز و اقارب، قومی کرکٹرز اور دیگر شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق رخصتی دلہن کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئے گی۔ شاہین شاہ آفریدی اپنے نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ 2 روز قبل کراچی پہنچے تھے۔
شاہد خان آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ کی شادی گزشتہ ہفتے نصیر ناصر خان سے انجام پائی تھی۔
