

کراچی: پاکستان کے سُپر اسٹار فواد خان اور خوبرو اداکارہ صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ کو عالمی فلم فیسٹیول کیلئے منتخب کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان شوبز کی ’برزخ‘کو بہترین سیریز، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکار اور اداکارہ جیسے ایوارڈز کے لیے ’عالمی سیریز مینیا فیسٹیول‘ میں نامزد کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیلی ویژن ’زی زندگی‘کی سیریز ’برزخ‘میں پاکستانی ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ سے مشہور ہونے والی جوڑی فواد خان اور صنم سعید نے اداکاری کے جوہر دکھائیں ہیں جبکہ اس کے ہدایات عاصم عباسی ہیں اور اس ویب سیریز کو وقاص حسن حسان اور شائلجہ کیجروال نے پروڈیوس کیا ہے۔
📣Zindagi’s upcoming original #Barzakh by #AsimAbbasi, starring @_fawadakhan_ and @sanammodysaeed,selected at Series Mania Festival for its International World Premiere! France, here we come!@IllicitusProduc @shailjaofficial @Zindagi pic.twitter.com/7PAn1hsU3f
— Zindagi (@Zindagi) February 8, 2023
اس ویب سیریز کی کہانی ایک عمر رسیدہ شخص کے خاندان کے گرد گھومتی ہے جسے محبت کی تلاش ہے۔ اس سیریز میں باپ اور بیٹے کے درمیان نسل در نسل چلے آنے والے مسائل اور مشکلات کے بارے میں بھی بیان کیا گیا ہے۔
سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔ اس سیریز کو تاحال ریلیز تو نہیں کیا گیا تاہم اسے فرانس میں 17 سے 24 مارچ تک منعقد ہونے والے ’سیریز مینیا فیسٹیول‘میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ اس عالمی فیسٹیول کے لیے منتخب ہونے والی واحد جنوبی ایشیائی سیریز ہے۔