اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اٹلی کے ساحل پر پہنچنے کی امید لئے ہوئے درجنوں پاکستانی کشتی الٹنے سے ڈوب گئے، یہ پاکستانی اچھے مستقبل کیلئے پاکستان چھوڑ کر اٹلی جا رہے تھے، پاکستان بیورو آف امیگریشن کے مطابق 2022 میں 832,339 پاکستانیوں نے بیرون ملک چلے گئے اور ملازمت کیلئے رجسٹر ہوئے۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان چھوڑ کر جانے والے پاکستانیوں کی تعداد ماضی کے مقابلہ میں 300 فیصد زیادہ ہے، آزادی کے75سال بعد ہماری اشرافیہ کروڑوں مسلمانوں کے خواب پاکستان کو ناکام ملک بنانے پر تلی ہے ، جدوجہد واحد حل ہے۔
جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے دن عمران خان حکومت کے احکامات پر پاکستان ایئر فورس نے ہندوستان کے بزدلانہ حملے کا ایسا جواب دیا کہ بزدل دشمن کے دانت کھٹے کر دئیے ،ہندوستان کالڑاکا طیارہ مار گرایا گیا اور پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، اللہ نے اس اہم گرین فیصلہ سازی میں مجھے شرکت کی سعادت دی۔
جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ 80سالہ جنرل امجد شعیب کی گرفتاری سوائے مزید نفرت اور بے چینی کے کچھ نہیں دے گی، محض تنقید پر اتنے سینئر فوجی جنرل کی گرفتاری انتہائی غلط روایت ہے،امجد شعیب کو فوری رہا کیا جائے جوش سے نہیں ہوش سے کام کرنے کا وقت ہے، ملک سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے مزید بحران پیدا نہ کیجئے۔
