سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصافعمران خان حفاظتی ضمانت میں پیشی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
عمران خان قافلے کی شکل میں پیشی کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچے ہیں جبکہ عمران خان کی عدالت میں ممکنہ پیشی کے پیش نظر عدالت کے باہر بھی اینٹی رائٹ فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
وکیل عمران خان اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سے بلٹ پروف گاڑی کے احاطے میں داخلےکی اجازت مانگتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو خطرہ ہے۔ گاڑی کو اندر آنے دیا جائے جس پر رجسٹرار آفس نے عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں لانےکی درخواست منظور کر لی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ عمران خان کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے 7 کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کریں گے۔ بعد ازاں جسٹس طارق سلیم شیخ 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت پر سماعت کریں گے۔ ضمانت کی 9 درخواستیں آج ہی سماعت کے لئے مقرر ہوئی تھیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کو ساڑھے 5 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
اس سے قبل سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل چوہدری اشتیاق نے تحریک انصاف اور پنجاب حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کے ٹی او آرز عدالت میں پڑھ کر سنائے ۔
وکیل چوہدری اشتیاق نے کہا کہ ہم نے ٹی او آر طے کر لیے ہیں ۔معاہدے کے مطابق تحریک انصاف کا مینارپاکستان پر جلسہ اب پیر کے روز ہو گا۔جلسے کی اجازت کیلئے انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے گا ۔عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے گائیڈ لائن پر عمل کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی لیڈر شپ کی جانب سے شبلی فراز اور علی خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیاہے۔ پی ٹی آئی 14 اور 15 مارچ کو درج ہونے والے مقدمات میں تفتیش کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی ۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پنجاب پولیس اور پی ٹی آئی کے درمیان طے پانے والے ٹی او آرز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں دوبارہ لکھ کر لائیں۔ ڈرافٹنگ درست نہیں ہے۔ٹی او آرز میں الفاظ کا انتخاب بہتر کر کے اسے دوبارہ ڈرافٹ کریں۔
عدالت عالیہ نے عمران خان کو حفاظتی ضمانتوں کے کیس میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایت جاری کیں کہ عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ پہنچنے تک سہولت دیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض کردیا۔ جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ عمران خان کو عدالت میں تو آنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کو ساڑھے 4 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی چئرمین عمران خان کی جانب سے بھی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے 9 کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں سے 5 اسلام آباد اور 4 لاہور کے کیسز میں عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔