ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی صیہونی فورسز کی روایت بن گئی ہے، دردانہ صدیقی

کراچی : سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے  کہا ہے کہ رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی صیہونی فورسز کی روایت بن گئی ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان شدید کرب میں مبتلا ہیں۔

دردانہ صدیقی نے یروشلم میں مسجد اقصی پر اسرائیلی پولیس کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا تسلسل ہے۔

دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ معرکہ بدر یوم الفرقان ہے جو حق وباطل کا فرق واضح کر دینے والا دن ہے،جب  کفار قریش کی طاقت کا گھمنڈ  خاک میں مل گیا اور  مٹھی بھر مسلمانوں کو وہ ابدی قوت اور غلبہ حاصل ہوا جس پر اسلامی حکومت کی مضبوط بنیادیں قائم ہو ئیں ۔

انہوں نے کہا کہ  دلوں میں کامل ایمان ، جذبہ شوق شہادت اور اللہ پر توکل ہو تو باطل کی بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، عددی اکثریت اور مادی وسائل کی کمی کے باوجود اہل ایمان ہر محاذ پر کامیاب اور بامراد ہوسکتے ہیں۔

سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے مجاہدین بدر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر نے یہ واضح کر دیا کہ مسلمان کا بھروسہ دنیاوی سازوسامان و ہتھیار پر نہیں بلکہ اللہ پر ہوتا ہے،بے سروسامانی میں اپنے سے تین گنا زیادہ قوت کے سامنے کھڑے ہوکر اصحابِ بدر نے دنیا کو بتا دیا کہ جذبہ ایمانی کا مقابلہ کوئی قوت  نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ آج تاریخ کے تاریک دور سے گزر رہی ہے ۔وسائل اور عددی قوت کے باوجود منتشر اور مغلوب ہے، دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج بھی امت اپنا رشتہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ وسلم کے ساتھ مضبوط کر لے تو اللہ کی نصرت آ سکتی ہے ۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ عالمی طاقتوں اور اداروں کی اسرائیل کو دی جانے والی کھلی چھوٹ اس کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی پامالی کا سبب بن رہی ہے اور فلسطین پر جاری یہ ظلم و ستم کسی بھی وقت عالمگیر نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی سکوت کو توڑنے کی ضرورت ہے ۔ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہر فورم پر صیہونی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں