اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ججوں کے درمیان جھگڑے کی خبروں کی تردید کردی۔سپریم کورٹ کے پی آر او آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے معزز جج صاحبان کے درمیان جھگڑا ہونے کی خبریں قطعی طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔
خبر رساں ایجنسی آئی این پی کی جانب سے جاری خبر کے مطابق پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں چلائی گئیں کہ 13 اپریل کی شام کو ججز کالونی کے پارک میں شام کے وقت واک کرتے ہوئے جج صاحبان کے درمیان جھگڑا ہوا، یہ خبریں سراسر غلط ہیں، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں کے بارے میں غلط رپورٹنگ قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس سے سپریم کورٹ سے غیرمطمئن عناصر کی جانب سے عدالت عظمیٰ اور اس کے معزز جج صاحبان کی عزت و وقار کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش ظاہر ہوتی ہے۔
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کی اینکر پرسن نے دعویٰ کیا تھاکہ رات 3 بجے جوڈیشل کالونی میں واقعہ پارک میں ججز چہل قدمی کر رہے تھے کہ ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی، اس دوران قریب ہی رکھی ایک لکڑ ی کی چھڑی کا بھی استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
