اسلام آباد: دنیا بھر میں اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے بھی اپنا ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’’پی ٹی وی فلکس‘‘ لانچ کردیا جس پر پی ٹی وی کے یادگار ڈرامے، ٹی وی شوز، دستاویزی فلمیں، کھیل اور دیگر پروگرام بآسانی دیکھے جاسکیں گے۔
اس حوالے سے اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی وی فلکس کے افتتاح کی بے پناہ خوشی ہوئی، یہ پروگرام جولائی 2022ء میں شروع کیا گیا، پی ٹی وی فلکس ایک نیا وڈیو اسٹریمنگ OTT پلیٹ فارم ہے جس پر عالمی سطح کے صارفین پی ٹی وی کے وسیع مواد بشمول ٹی وی شوز، ڈرامہ، دستاویزی فلموں، کھیلوں اور دیگر پروگراموں تک باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے پی ٹی وی نے ایسا مواد تیار کیا جو آج قومی خزانہ بن چکا ہے، دھوپ کنارے، عینک والا جن جیسے مقبول ڈرامے اور پی ٹی وی شوز ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ بن چکے ہیں، پی ٹی وی فلکس میں موجودہ اور پرانے مواد کی بھرپور لائبریری موجود ہے جس تک صارفین آسانی کے ساتھ رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ اقدام ہمارے نوجوانوں اور بزرگوں کو پی ٹی وی کے اس مواد کے ساتھ دوبارہ جوڑے گا جس نے ان گنت زندگیوں پر انمٹ اثرات چھوڑے ہیں، پی ٹی وی فلکس ایپلی کیشن اینڈرائیڈ اور iOS دونوں پلیٹ فارمز پر ڈاﺅن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پی ٹی وی فلکس کے کامیاب اجراء پر وزارت اطلاعات و نشریات اور پی ٹی وی کی ٹیم کی مشکور ہوں، ان کی محنت پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے اس خیال کو حقیقت میں بدلا۔
Android users can download PTVFlix using this link:https://t.co/rWUALd6zjw
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 30, 2023
واضح رہے کہ پی ٹی وی فلکس کو لانچ کرنے کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی تھی جس میں خصوصی طور پر اداکاروں بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور خالد عباس ڈار نے بھی شرکت کی تھی۔