کراچی: کراچی سمیت سندھ کے 30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دونوں مرحلوں اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے بلدیاتی نمائندے طویل عرصے بعد آج (22 مئی بروز پیر) اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے30 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی تقریب حلف برداری آج ( 22 مئی) کو ہوگی۔ حلف برداری کی تقریب کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر مقرر کیا ہے جو بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیں گے۔
منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈ کی کاپی اور 2 تصاویر لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نمائندوں کو اسی ہچکچاہٹ اور خوف کا سامنا ہوگا جو 2016 میں ایم کیو ایم کو تھا، اگر پی ٹی آئی کے تمام اراکین نے حلف اٹھالیا تو جماعت اسلامی کی پوزیشن مستحکم ہوسکتی ہے بصورت دیگر پیپلز پارٹی کا امیدوار میئر کے لیے مضبوط ثابت ہوگا۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور دوسرے مرحلے میں یو سی چیئرمین منتخب ہونے والے فردوس شمیم نقوی اس وقت سکھر جیل میں ہیں، ان کی حلف برداری ضلع شرقی کراچی میں 3 بجے شیڈول ہے۔
کراچی کی 246 یونین کمیٹیوں میں سے 239 یو سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبرز کی حلف برداری آج ہوگی۔ کورنگی میں بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج ڈھائی نمبر میں دوپہر 12 بجے ہوگی۔
ضلع شرقی میں حلف برداری کی تقریب ڈسڑکٹ کونسل ہال نزد ڈی سی آفس صبح 10بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گی۔ ضلع جنوبی میں بھی حلف برداری ڈی سی کمپلیکس میں صبح 11 بجے، 1 بجے اور 3 بجے منعقد ہوگی۔
ضلع کیماڑی میں صبح 11 بجے حلف برداری کی پہلی تقریب پیراڈائز بینکوئٹ حب ریور روڈ نزد شجرہ شاپنگ مال گلشن مزدور میں ہوگی۔ ضلع غربی کے بلدیاتی نمائندوں کے لیے حلف برداری تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کراچی غربی میں صبح 11 بجے ہوگی۔
ضلع وسطی میں صبح 10 بجے کمپری ہینسیو اسکول بلاک 8 عزیز آباد، 12 بجے آرٹس کونسل نزد بلال کالونی پولیس اسٹیشن، سیکٹر 5 ای نیو کراچی، 1 بجے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بلاک ایم نارتھ ناظم آباد، 1 بجے میجر ضیا الدین اسکول ناظم آباد نمبر 2 اور 1:30 بجے انجمن اسلامیہ ہائی اسکول لیاقت آباد 10 نمبر پر ہوگی۔
ضلع ملیر میں صبح 11 بجے رائل بینکوئٹ بالمقابل ملیر کورٹ نزد سلمان ٹاور پر مختلف اوقات میں حلف برداری کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو بلایا گیا ہے۔
اسی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن کونسل، ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل اور یونین کونسل کے تمام بلدیاتی نمائندوں کے لیے مختلف مقامات پر تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا۔