راولپنڈی: تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی، نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور متاثرہ بچی کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے بھی ایس پی پوٹھوہار سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے نامزد ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کے دادا کی طرف سے درخواست موصول ہونے پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، نامزد ملزم سلمان متاثرہ لڑکی کا کزن ہے جبکہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔