جینن : اسرائیل کے جینن میں مسلسل حملے جاری ہیں،جہاں شہدا کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج جینن میں مہاجرین کیمپ پر مسلسل فضائی حملے کررہی ہے جب کہ اس دوران رہائشی بلاکس میں ڈرون حملے کیے گئے جس کی ویڈیوزبھی سامنے آئی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 5 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے اور 20 سے زائد شہری زخمی ہیں۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پیر کی علی الصبح جینن میں 10 مزید فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں تباہ حال بلڈنگوں کے ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے جب کہ درجنوں اسرائیلی فوجی گاڑیاں بھی مہاجرین کے کیمپوں کے اطراف موجود ہیں جو علاقے میں فوجی آپریشن کررہی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے اس آپریشن کے نتیجے میں گھروں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں تقریباً 27 افراد زخمی ہیں جن میں سے 8 افراد شدید زخمی ہیں۔فلسطینی وزرت خارجہ نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کو اس ظلم کا حساب دینا ہوگا۔