لاہور: استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر مسائل میں اضافے کا باعث بنی ، پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سال کے بعد اس ڈیڑھ برس میں بھی عوام کا بیڑہ غرق ہوا۔
آئی پی پی کے صدر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے، گزشتہ ایک سال میں حکومتی رٹ کہیں نظرنہیں آئی، غریب طبقہ پس چکا، ادارہ شماریات کے اعداد و شمار حکومتی کارکردگی کی قلعی کھول رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی بلندترین شرح کے باعث عام آدمی کے مسائل خوفناک حدتک بڑھ چکے، آٹا، چینی، کوکنگ آئل، دالیں تک مہنگی ہوگئی، عام شہری کا کوئی پرسان حال نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 24بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں42فیصد بڑھیں مگر حکومت بے بس دکھائی دے رہا ہے، مزید کہا کہ ایل پی جی اوربجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری پریشان ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر مسائل میں اضافے کا باعث بنی۔