لاہور: استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان کے خلاف اب وعدہ معاف گواہ بن کر سامنے آ رہے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی 14 اگست سے باضابطہ طور پر اپنا سیاسی سفر شروع کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانا سیاسی جماعتوں کا نہیں دہشت گرد تنظیموں کا عمل ہے، محب وطن پاکستانی دیمک زدہ پارٹی کا حصہ نہیں بنیں گے، اسرائیل کو اپنے بغل بچے کے لیے بہت درد ہو رہا ہے، 9 مئی کے بعد گالم گلوچ اور مار دھاڑ کی سیاست ختم ہو گئی۔
ترجمان آئی پی پی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا جنم نو مئی واقعات نے کیا ہے، 9 مئی کے بعد پاکستان کو گرین سیاست کی ضرورت تھی، گھٹن زدہ ماحول میں استحکام پارٹی تازہ ہوا کا جھونکا ہے، استحکام پاکستان پارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی کنجی لے کر آئی ہے۔
