لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے اپنے خلاف سازش کرنے والوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا جس کے نتیجے میں ان کے خلاف سازش کرنے والے بے نقاب ہوگئے۔نوازشریف کا بیانیہ معاشی بحالی اور دہشتگردی کاخاتمہ ہو گا،وطن واپسی پرنوازشریف کے جیل جانیکا امکان نہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو اور ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ پارٹی کا لیڈر ہی اس کا بیانیہ طے کرتا ہے، میری سوچ ہو سکتی ہے، لوگوں کی سوچ ہوسکتی ہے لیکن 10 بیانیے نہیں ہوتے بلکہ صرف لیڈر کا بیانیہ ہوتا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے 2017 میں ہی کہہ دیا تھا کہ میں نے اپنے خلاف سازش کا معاملہ اللہ تعالی کے سپرد کر دیا ہے، یہ ہے نواز شریف کی سوچ۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ دیکھیں کتنی جلدی ان کے خلاف سازش میں ملوث لوگوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے، کیا کبھی اس طرح کے کردار اتنی جلدی بے نقاب ہوئے ہیں۔اگر اللہ تعالی نے ان کرداروں کو اتنی جلدی بے نقاب کیا ہے تو اللہ تعالی ان کے بدلے بھی دلوائیں گے، کوئی کہیں منہ چھپا رہا ہوتا ہے، کوئی کہیں سماجی تقریبات سے بھاگ رہا ہوتا ہے تو یہ سب کیا ہے، یہ سب اللہ تعالی دکھا رہے ہیں۔
اسحق ڈارکا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض اور دیگر کے احتساب کا معاملہ دوہزارسترہ میں ہی اللہ پر چھوڑ دیا تھا ۔ نوازشریف کی اصل سوچ یہی ہے ۔ ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ ملک ٹھیک کریں یا اپنے حساب برابر کرنے میں لگ جائیں ۔ قوم کی بہتری اور پاکستان کی ترقی نوازشریف کی ترجیح ہو گی ۔ نواز شریف نے یہ معاملہ اللہ تعالی پر چھوڑا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ جتنے کم عرصے میں اس کا نتیجہ ملا ہے اور دنیا کو دکھا دیا گیا ہے کہ ان کے خلاف پورا کیس فراڈ تھا، نواز شریف کے خلاف زیادتی تھی، اس کا نقصان 24 کروڑ عوام نے بھگتا ہے، پاکستان نے بھگتا ہے۔
