بیت المقدس: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، حملوں کے باعث رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، صیہونیوں کا غزہ پر 6 ہزار بم گرانے کا اعتراف، نہتے لوگوں پر 4 ہزار ٹن بارود برسایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تازہ کارروائیوں میں غزہ پر ہزاروں ٹن بارود گرا دیا گیا، عمارتیں، ہسپتال، سکول کچھ بھی نہ چھوڑا، بندرگاہ پر ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، قابض افواج کی ایک ہفتے سے جاری بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1700 سے زائد ہو گئی جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ 7 ہزار سے زائد زخمی اور 3 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے امدادی کارکنوں کو بھی نہ بخشا، 50 سے زائد طبی عملے کے ارکان بھی حملوں میں شہید ہو گئے، ڈاکٹرز بھی نشانہ بنے، ہسپتالوں میں جگہ ختم، دوائیں کم پڑ گئیں، کشیدگی کی وجہ سے جرمنی نے اپنے 5 ہزار شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم دے دیا۔