اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق ابوظہبی میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدر متحدہ عرب امارات عزت مآب محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات ہوگی، دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیرِاعظم کا وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔
