کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مغربی دنیا کے لوگ احتجاج کررہے ہیں جب کہ مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ہمارے حکمران دو ریاستی حل کی بات کرتے ہیں،ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ کوئی دو ریاستی حل نہیں ریاست صرف فلسطین کی ہے۔
جماعت اسلامی یوتھ کے تحت رفح بارڈر پر اسرائیلی حملے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ انتہائی شرم کامقام ہے کہ اقوام متحدہ میں قراردادیں پاس ہوتی ہیں تو امریکہ ویٹو کردیتا ہے۔ عالمی عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ اسرائیل فوری طور پر رفح پر بمباری بند کرے لیکن کل رفح پر بمباری کی گئی لوگوں کو زندہ جلا کر عالمی عدالت کے فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔
انہوں مزید کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ رفح بارڈر پر بمباری فوری بند کی جائے۔ امت کے نوجوانوں، بچوں اور بڑوں کا ہیرو ابو عبیدہ اور اسماعیل ہنیہ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کی قربانیاں دی ہیں۔ اہل کراچی 2 جون کو شام 4 بجے شاہراہ فیصل پر عظیم الشان و تاریخی غزہ ملیں مارچ میں شریک ہوکر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی یوتھ کے صدر ہاشم یوسف ابدالی نے کہاکہ آج پورے پاکستان میں تکبیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن پورے پاکستان میں خوشی منانے والوں کے ساتھ فلسطینیوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ 28 مئی کو پاکستان ایٹمی پاور بنا تو فلسطینیوں نے کہا تھا کہ اب ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔جب پاکستان ایٹمی پاور بنا تو اس وقت خبر شایع ہوئی تھی کہ ایٹم پاکستان کا نہیں تمام امت مسلمہ کا ہے۔
