راولپنڈی: فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا کہنا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور آزادی کے لیے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فورم کو جیو اسٹریٹجک صورتحال، قومی سلامتی کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
فارمیشن کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ پھیلانے اور پروپیگنڈہ کرنے والوں کے مذموم عزائم سے پوری طرح آگاہ ہے۔ پروپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔ مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈے سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے لیکن ان شیطانی قوتوں کے مذموم عزائم کو ضرور شکست ہو گی۔
فورم کا کہنا تھا کہ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
