ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چین کیساتھ طے معاہدوں پر عمل میں کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان طے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی۔

وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران طے ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عمل کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے چین کے ساتھ طے طے شدہ معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کی نگرانی بھی میں خود کروں گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین دنیا کی ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرا ہے، پاکستان چین کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، چین سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، معدنیات وکان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں پاک چین تعاون کے فروغ سے معاشی ترقی، علاقائی روابط کی مضبوطی اور دونوں مملک کے تعلقات مزید گہرے ہونگے، دورہِ چین کے دوران طے شدہ معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چین میں طے پائے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کی خود نگرانی کرونگا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ حال ہی میں چین کی ایک جوتا ساز کمپنیوں کے ایک وفد نے پاکستان میں اپنے کارخانے منتقل کرنے کے حوالے سے پاکستان کا دورہ کیا، اس شعبے میں چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں 5 سے 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی استعداد موجود ہے۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، عطاء اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام شریک تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں