اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ وقت کو بربارد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور سستی سے کام کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وزارتوں کو وارننگ دیتے ہوئےکہا کہ کسی نے سستی سے کام لیا توبرداشت نہیں کروں گا کمر کس لیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہے، اپنے ٹائم کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، فیصلوں پر عملدرآمداور نفاذ کرنا ہوگا، سب نے ٹارگٹ پورے کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے پورا نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہناتھاکہ ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی، ملک بھر میں تیل سے چلنے والے 10 لاکھ ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے، تمام وزارتوں کو کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔ یہ ملک اور پاکستان کے وسائل کا معاملہ ہے، ہمیں ملک آگے لے کر جانا ہے، ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ پر کام ہو رہا ہے، کسی وزارت نے بھی اس میں اگر سستی کامظاہرہ کیا اور تاخیری حربے استعمال کیے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی وزارت کے ذیلی ادارے کی اگر کوئی افادیت کے حوالے سے کوئی جائز عذر ہے تو وہ الگ بات ہے لیکن اپنے فائدے کے لیے کسی بیان کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
