مسقط: مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں 4 پاکستانیوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عمان کی الوادی الکبیر کے علاقے میں واقع امام علی مسجد میں پیش آیا۔ مسجد میں 700 سے زائد افراد موجود تھے اور فائرنگ کے وقت مجلس عزا جاری تھی۔
عمان پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال واضح نہیں کہ حملے کے پیچھے کون لوگ یا کس تنظیم کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
دریں اثنا عمان میں پاکستانی سفیر نے نجی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں جب کہ دیگر ذرائع سے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 بتائی جاتی ہے۔
فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے مسجد کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ تاحال واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ فائرنگ سے مسجد میں بھگدڑ مچ گئی۔ متعدد افراد قدموں تلے کچل کر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں فائرنگ کے وقت بڑی تعداد میں پاکستانی بھی موجود تھے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ عمان کے شہر مسقط کی مسجد میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 ہے جب کہ مزید 30 پاکستانی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
