ڈیرہ مراد جمالی (اے پی پی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیر آباد ڈاکٹر حبیب پندرانی نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے موقع پر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں عزاداروں اور عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا، یوم عاشورہ پر محکمہ صحت کی ایمبولینسز ڈاکٹرز پیرا میڈیکس موبائل ٹیمیں جلوس کے ساتھ ہوں گے، عزاداروں کو موقع پر فرسٹ ایڈ دی جائے گی، جبکہ اس موقع پر ریسکیو عملہ ہائی الرٹ ہے۔ نصیر آباد کے تمام امام بارگاہوں کے اطراف، مجالس، جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بشمول تمام تحصیلوں میں ایمرجنسی قائم کی گئی ہیں، اس کے علاوہ ایمبولینس اور اس کے عملے کو ڈیوٹی پر پابند کیا گیا ہے، ضلع بھر کے اسٹاف ہمہ وقت موجود رہے گا، تمام آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے بروقت نمٹا جا سکے۔ اسپتال کا طبی عملہ عوام کی خدمت کے لیے ہے، طبی عملے کا ہمہ وقت موجود ہونا لازمی ہے، ایمبولینسز ایمرجنسی ڈیوٹی کے دوران کوئی بھی اہلکار غفلت میں پایا گیا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔