ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہوگا‘خطرات کا انتباہ

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ پیر کے روز شروع ہوگا۔ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔پاکستان میٹرو لوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی کے چیف میٹرولو جسٹ سردار سرفراز نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ کل پیر سے شروع ہونے والے مون سون کے نئے سپیل کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اور صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات کریں۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ مٹی کے طوفان، تیز ہواں، یا گرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے لیے پیشگی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے پیشگی نمٹنے کے لیے چھوٹی اور بڑی مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ22 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بالائی علاقوں میں مون سون کی تیز ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرے کی روشنی میں بڑے شہروں کی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس میں اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ طوفان کے پانی کی نکاسی کا نظام صاف اور صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے، آبی گزرگاہوں اور پلوں کا باقاعدہ معائنہ کرنا، اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں کی نشاندہی کرنا شامل ہے۔مزید برآں مقامی حکام پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ ہنگامی ردعمل کے منصوبے تیار کریں، ضروری سامان جیسے سینڈ بیگز اور واٹر پمپس کا ذخیرہ کریں، اور اہم معلومات کو تیزی سے پھیلانے کے لیے مواصلاتی نیٹ ورک قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ فعال اقدامات کرنے سے شہری سیلاب کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں اورعوامی تحفظ کر سکتے ہیں، اور بنیادی ڈھانچے اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کو کم کر سکتے ہیں، مزید برآں مقامی انتظامیہ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مشغول رہیں، سیلاب کی تیاری کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔ادھرپنجاب کے ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کے مطابق (آج )22سے25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، 23 سے24جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کی توقع ہے۔راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں