لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے ضلعی و زونل ذمہ داران کا اہم اجلاس 22 اگست بروز جمعرات منصورہ آڈیٹوریم ہال میں طلب کر لیا جس میں ضلعی امراء و قیمین، ضلعی نائب امراء و نائب قیمین، زونل امراء و قیمین، صوبائی صدور و سیکرٹری و ضلعی صدور برادر تنظیمات اور ضلعی ذمہ داران سوشل میڈیا شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ اور ’’حق دو عوام کو تحریک‘‘ کے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو چکے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی مستقل بنیادوں پر اور پورے پاکستان کے عوام کو فراہم کی جائے جو لوگ جماعت اسلامی کے دھرنے پر تنقید کرتے تھے وہ بھی آج اس کا کریڈٹ دینے پر مجبور ہو چکے ہیں، جب تک عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نہیں نکلیں گے اس وقت تک ریلیف نہیں ملے گا، ملک میں ہر سیاسی جماعت، چاہے مرکز ہو یا صوبہ، اقتدار میں ہے، صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو عوام کی حقیقی ترجمان اور اپوزیشن ہے، ہم عوام کو کسی موقع پر بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی کی سیاست کا محور و مرکز خدمت خلق ہے، ہم اقتدار کے بغیر قوم کی خدمت کر رہے ہیں، اگر قوم ملکی خزانہ صالح قیادت کے سپرد کر دے تو ملک و قوم خوشحال ہو سکتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک و قوم کو 78 برس سے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی کی مایوس کن کارکردگی عوام دیکھ چکے ہیں۔