اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازعہ ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چھٹہ کے وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی عدالت میں پیشی کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران دونوں ملزمان کی حاضری پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری ختم کرنے کا حکم دیا اور کیس کی کارروائی 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، جو متنازع ٹوئٹ کے تناظر میں زیرِ سماعت ہے۔
یاد رہے کہ 22 ستمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے دونوں وکلاء کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو بارہا طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئے لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، دونوں کو گرفتار کر کے 24 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔