اسلام آباد: سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود ایک اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، ان کے اس دورے کو دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے ہمراہ آنے والا وفد پاکستان میں قیادت، وفاقی و صوبائی حکام، چیمبرز آف کامرس اور نجی شعبے کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری شراکت داری اور نئے معاشی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کا عملی مظہر ہے۔ دونوں ممالک سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے پلیٹ فارم کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں، تاکہ نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کے ایجنڈے میں تجارت و سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے، کاروباری روابط کو فروغ دینے اور مختلف صنعتی و توانائی منصوبوں پر اشتراک کے امکانات پر بھی بات چیت شامل ہوگی۔
دونوں ممالک اس امر پر متفق ہیں کہ باہمی تعاون کے یہ اقدامات سعودی عرب کے “ویژن 2030” اور پاکستان کے معاشی ترقیاتی ایجنڈے کے مطابق آگے بڑھائے جائیں گے، تاکہ خطے میں پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔