اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ملاقات ہوئی، جس میں مختلف اہم قومی و صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی منظرنامے پر اپنی رائے کا تبادلہ کیا اور موجودہ چیلنجز کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور و خوض کیا۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر صوبائی اور وفاقی سطح کے مسائل، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اور سیاسی امور پر کھل کر بات چیت ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعاون اور اشتراک عمل کے ذریعے ترقیاتی اور سیاسی امور کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا۔