اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ پر کی جانے والی تنقید بلیک میلنگ ہے، اور یہ لوگ دوبارہ کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
طلال چوہدری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام نے پارٹی کا اصل چہرہ دیکھ لیا، جلسے میں سوائے گالم گلوچ اور اداروں پر تنقید کے کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کی جاتی ہے، اور کب تک کوئی اس پر خاموشی اختیار کر سکتا ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی اب اڈیالہ جیل کے باہر تماشہ کرے گی، تو یہ جیل میں قید دوسرے قیدیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، اور ضرورت پڑنے پر قیدی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وطیرہ یہی ہے کہ وہ پاکستان کے اداروں پر تنقید کرے، اور جو خود کو سب سے ضروری اور ناگزیر سمجھتا ہے، وہ ملک کے حق میں کبھی بات نہیں کرے گا۔
طلال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کو “ذہنی مریض” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کندھے نہ ہوتے تو یہ وزیراعظم بھی نہیں بن سکتے تھے، اور جو ہری پور کے الیکشن نہیں جیت سکتے، وہ لاہور اور فیصل آباد میں کیا مقابلہ کریں گے۔