کراچی میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور ائیرپورٹ تقریباً 4 گھنٹے کے لیے بند رہا، تاہم بعد ازاں آپریشن بحال کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ کی 36 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی۔ کراچی سے استنبول اور مسقط کی پروازیں تقریباً 4 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کی گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق جدہ کی پرواز ایس وی 700 نے فضا میں تقریباً 2 گھنٹے چکر لگانے کے بعد کراچی میں لینڈنگ کی، جبکہ مسقط، دوحہ اور جدہ سے کراچی آنے والی دو پروازیں بھی بعد میں لینڈ کر گئیں۔
مزید برآں کراچی سے اسلام آباد جانے والی 5 اور لاہور جانے والی 6 پروازوں میں ایک سے تین گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی، جب کہ کراچی سے جدہ اور لاہور جانے والی 2 پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئیں۔
ائیرپورٹ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل فلائٹ شیڈول کی تصدیق کر لیں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔