ابوظبی: متحدہ عرب امارات کونسل برائے فتویٰ نے وزارت اقتصادیات اور سیاحت کے ساتھ کئے گئے فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد 2026 کے لیے صدقہ الفطر، فدیہ اور متعلقہ رمضان کی ادائیگیوں کے لیے سرکاری رقوم اور نقد قیمتیں مقرر کی ہیں۔
کونسل کے مطابق صدقہ الفطر فی شخص 2.5 کلو چاول یا 25 درہم نقد مقرر کیا گیا ہے۔روزہ نہ رکھنے والوں کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کھلانا ہے۔ فدیہ کھلانے کے معاملات میں بھی یہی 20 درہم فی شخص لاگو ہوتا ہے۔
یواے ای کونسل کے مطابق ایک افطار کے کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم ہے۔رمضان کے روزے کو باطل کرنے کا فدیہ 1,200 درہم مقرر ہے جو 60 ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ حج یا عمرہ کے دوران ممنوعہ کاموں کا فدیہ 120 درہم ہے جو چھ مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان مرد اور عورت جو صاحب حیثیت ہے اس پر فطرہ ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ الفطر صدقہ ہے جو رمضان کے مقدس ماہ میں مستحق افراد کو دیا جاتا ہے، یہ رقم رمضان کے دن سے اور عید الفطر کی صبح تک عید کی نماز کے وقت سے پہلے دی جاسکتی ہے۔