ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

میرے نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا،سہیل آفریدی

عام ورکر اور بسوں میں سفر کرتا تھا، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی بنایا۔27 ستمبر کو اسلام آباد جانے والے قافلے کی قیادت کروں گا، خطاب

September 5, 2026 · اہم خبریں, قومی

فوٹو مقامی اخبار

فوٹو مقامی اخبار

نوابشاہ/ سانگھڑ :وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرے نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا،عام ورکر اور بسوں میں سفر کرتا تھا، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی بنایا۔27 ستمبر کو اسلام آباد جانے والے قافلے کی قیادت کروں گا،

سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کی بقا اور عوام کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہا ہے۔ اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ اپنے قائد کو آزاد کروانے کیلئے بھرپور طریقے سے دباؤ ڈالیں۔ اب توپیں یا بندوقوں کی گولیاں بھی ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ہیں۔ وہ نوابشاہ کے شیراز چوک اور سانگھڑ کے حیدرآباد چوک پر استقبال کیلئے جمع کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔

نوابشاہ اور سانگھڑ پہنچنے پر کارکنوں نے وزیر اعلی کے پی اور ان کے ہمراہ موجود پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سلمان اکرم راجہ و دیگرکا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

نوابشاہ کے شیراز چوک پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا ہے، میں ایک عام معمولی ورکر تھا، بسوں میں سفر کرتا تھا مگر عمران خان نے اعتماد کیا اور مجھے ایم پی اے کے بعد وزیر اعلیٰ بنادیا۔ 27 ستمبر کو میں قافلے کی قیادت کرونگا، عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور خان کے حکم پر خیبر سے کراچی تک عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو عمران خان کو رہا کروانے کے لئے ملک بھر سے کارکن اسلام آباد پہنچیں ۔ عمران خان کو رہا کرواکر واپس آئیں گے، جب تک خان کو رہا نہیں کیا جائے گا تب تک واپس نہیں آئیں گے، عمران خان ڈیل کرکے بیرون ملک نہیں بھاگا،بیمار ہوکر ہسپتال منتقل نہیں ہوا، ڈرا بھی نہیں اور جھکا بھی نہیں، وہ ڈٹا ہوا ہے، آپ عوام کی خاطر جیل میں ہے، اب عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے قائد کیلیے باہر نکلیں۔ ملک کو چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں سے بچانے کے لئے باہر نکلیں، اسلام آباد میں ٹینک بھی ہوں گے، بندوق بھی ہوگی، گولیاں بھی چلیں گی مگر ڈرنا نہیں ہے، جان چلی جائے تو بھی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، صوبائی وزیر شفیع جان اور صوبائی صدر حلیم عادل شیخ،سردار شیر محمد رند ہمراہ موجود تھے۔ وزیر اعلی کے پی سہیل آفریدی کے قافلے کا سانگھڑ کے حیدرآباد چوک پہنچنے پر بھی پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر استقبالیہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے مستقبل اور پاکستان کے لیے جیل میں ہیں اور وہ اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عمران خان نے ملک اور قوم کے لیے جدوجہد کی ہے اور موجودہ حالات میں بھی وہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان قائداعظم محمد علی جناح کے بعد پاکستان کے واحد بے خوف لیڈر ہیں، جو ملک کے اداروں کی ساکھ بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنے قائد کی رہائی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ عمران خان کی رہائی اور 26 نومبر کے اسیران کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو ملک بھر میں سڑکوں پر نکلیں گے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے بھرپور تیاری کریں اور پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق اپنا کردار ادا کریں۔پی ٹی آئی رہنما نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ آپس میں متحد رہیں، کسی بھی قسم کے دباؤ میں نہ آئیں اور پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد میں کارکنان کا اتحاد اور ثابت قدمی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی سانگھڑ آمد کے موقع پر کھپرو میں پی ٹی آئی کارکنان میں شدید جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ اس سلسلے میں کھپرو سے پی ٹی آئی اور غوثیہ جماعت کے کارکنان کی بڑی تعداد گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں سانگھڑ کے لیے روانہ ہوئی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں