کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے کچے کے علاقے میں حالات قابو میں ہیں، تقریب سے خطاب
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی کو صوبے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے خطرہ ہے، صوبے کے امن وامان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ سکیورٹی تھریٹ پر پنجاب کی سکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے ہمسایہ ممالک سے کم، ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے کچے کے علاقے میں حالات قابو میں ہیں۔ صوبے کے بارڈر ایریا سے تھریٹ آتی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے اب جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنایا ہے۔ انٹیلیجنس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جرائم کی صورتحال پر قابو پانا اور منظم جرائم سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج تھا۔ پنجاب میں دن دیہاڑے پانچ پانچ قتل کر دیے جاتے تھے۔ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑے اذیت ناک ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی مشکل فیصلہ تھا۔ اب جو کوئی موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ نظر آتا ہے تو پکڑا جاتا ہے۔
مریم نواز نے صوبے میں کرپشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کم ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ لگتا ہے بدقسمتی سے بحیثیت قوم کرپشن ہم میں سرایت کر چکی ہے، کرپشن کو برائی نہیں روٹین کا حصہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بھی کرپشن ہوگی معاف نہیں کیا جائے گا۔