ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بنی کے سرتھل میں دلخراش سڑک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

کٹھوعہ/کٹھوعہ ضلع کی تحصیل بنی کے سرتھل علاقے میں جمعہ کے روز پیش آئے ایک سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ سرتھل میں پانچ افراد کو لے جانے والی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔زخمیوں کو علاج کے لیے بنی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بنی کے رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار کی جانب سے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما سے فون پر بات کی۔جتیندر سنگھ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار کا فون موصول ہوا، جس کے بعد انہوں نے ڈی سی کٹھوعہ راجیش شرما سے بات کی اور سرتھل میں پیش آئے سڑک حادثے کی تفصیلات حاصل کیں۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے، جن میں سے تین زخمی ہوئے اور انہیں بنی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ بدقسمتی سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ زخمیوں کو مناسب طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کا دفتر ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔ تاہم، ان کی شناخت اور حادثے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں