سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے پیر کو قانون ساز اسمبلی میں بتایا کہ 16 اکتوبر 2024 سے اب تک مختلف سرکاری محکموں میں مجموعی طور پر صرف899 نئی اسامیاںتخلیق کی گئی ہیں۔ہندواڑہ کے رکن اسمبلی سجاد غنی لون کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے تحریری جواب میں حکومت نے بتایا کہ ان نئی اسامیوں میں سب سے زیادہ 485 اسامیاں محکمہ صحت و طبی تعلیم میں تخلیق کی گئیں، جبکہ محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی میں 266 اور محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور میں 82 نئی اسامیاں پیدا کی گئیں۔
حکومت کے مطابق محکمہ جل شکتی میں 43، جبکہ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، بحالی و تعمیر نو (DMRRR) میں 16 اسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کوآپریٹو محکمہ میں 3، محکمہ خوراک، شہری رسد و امور صارفین میں 2جبکہ اے آر آئی و ٹریننگز اور ٹرانسپورٹ محکمہ میں ایک ایک نئی اسامی بنائی گئی۔اسمبلی کو یہ بھی بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 سے اب تک جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (JKPSC) اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (JKSSB)نے مجموعی طور پر 7,580 امیدواروں کے انتخاب کو حتمی شکل دیہے۔
حکومت کے مطابق JKPSC نے 1,768 جبکہ JKSSB نے 5,812انتخاب مکمل کیے۔بھرتی کے لیے دونوں اداروں کو بھیجی گئی اسامیوں کی تفصیلات کے مطابق اس عرصے کے دوران JKPSC کو 1,852 اسامیاںبھیجی گئیں، جن میں 855 اوپن میرٹ، 198 ایس سی، 166 ایس ٹی-1، 156 ایس ٹی-2، 114 او بی سی، 65 اے ایل سی/آئی بی، 149 آر بی اے، 139 ای ڈبلیو ایس، 4 پی ایس پی اور 6 ایس ٹی بیک لاگ کی اسامیاں شامل تھیں۔
اسی طرح JKSSB کو 12,418 اسامیاںبھرتی کے لیے بھیجی گئیں، جن میں 5,173 اوپن میرٹ، 1,104 ایس سی، 1,248 ایس ٹی-1، 1,212 ایس ٹی-2، 933 او بی سی، 495 اے ایل سی/آئی بی، 1,174 آر بی اے اور 1,079 ای ڈبلیو ایس اسامیاں شامل ہیں۔حکومت کے جواب کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران دونوں بھرتی ایجنسیوں کو مجموعی طور پر 14,270 اسامیاںبھرتی کے لیے موصول ہوئیں۔