ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ٹیسلا کی اڑنے والی حیرت انگیز کار متعارف، ویڈیو نے تہلکہ مچادیا

ایلون مسک کی اڑنے والی کار ٹیسلا روڈسٹر نے دنیا کو دنگ کردیا، 0.81سیکنڈ میں 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹیسلا کی اڑنے والی کار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کیلیفورنیا : ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے نئی نسل کی روڈسٹر اسپورٹس کار کی رونمائی کرکے مستقبل کی گاڑیوں کی ایک حیران کن جھلک پیش کردی۔

نئی روڈسٹر نہ صرف غیر معمولی رفتار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ خصوصی راکٹ تھرسٹرز کی مدد سے فضا میں بلند ہوکر کرتب دکھانے اور دوبارہ زمین پر اترنے کی صلاحیت سے بھی لیس ہے۔

Tesla Roadster car Tesla Roadster car

ٹیسلا کی خصوصی لائیو تقریب کے دوران نئی روڈسٹر کا حیران کن مظاہرہ کیا گیا، جس میں گاڑی کو ایک بڑے خم دار ریمپ سے گزارا گیا۔ ریمپ سے بلند ہونے کے بعد گاڑی فضا میں پہنچی اور خصوصی تھرسٹرز کی مدد سے ہوا میں قلابازی کھاتے ہوئے کامیابی سے زمین پر اتر گئی۔

مظاہرے کے بعد ایلون مسک نے اسے کامیاب تجربہ قرار دیا، جبکہ ٹیسلا کے نائب صدر برائے وہیکل انجینئرنگ لارس موراوے نے اعلان کیا کہ اڑنے والی گاڑیاں اب حقیقت بن چکی ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق نئی روڈسٹر کی تیاری میں ٹیسلا کے ساتھ خلائی ٹیکنالوجی کی کمپنی اسپیس ایکس کے انجینئرز نے بھی کام کیا ہے۔ گاڑی میں انتہائی زیادہ دباؤ والی ہوا کا ایک جدید نظام نصب کیا گیا ہے، جبکہ خصوصی راکٹ تھرسٹرز اسے زمین سے بلند ہونے، فضا میں سمت تبدیل کرنے اور مختلف کرتب دکھانے میں مدد دیتے ہیں۔

رفتار بھی حیران کن

نئی ٹیسلا روڈسٹر کی رفتار بھی اسے عام اسپورٹس کاروں سے ممتاز کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی صرف 0.81 سیکنڈ میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے۔

ٹیسلا کے مطابق روڈسٹر کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 370 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہوسکتی ہے، جبکہ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد یہ تقریباً 480 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔

نئی روڈسٹر بنیادی طور پر دو نشستوں والی اسپورٹس کار ہے، تاہم راکٹ تھرسٹرز سے لیس بعض مخصوص ماڈلز میں صرف ایک شخص کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

روڈسٹر کے تین ورژن

ٹیسلا نے نئی روڈسٹر کے تین مختلف ورژن بھی متعارف کرائے ہیں، جنہیں پرفارمنس، تھرسٹ اور راکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ ان میں راکٹ ورژن کو خصوصی تھرسٹر ٹیکنالوجی اور فضائی کرتب کے حوالے سے سب سے زیادہ توجہ حاصل ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

اڑنے والی ٹیسلا کی ویڈیوز منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصروں اور میمز کی بھرمار کردی۔ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں سوال کیا کہ اگر مستقبل میں گاڑیاں سڑکوں کے بجائے ہوا میں اڑنے لگیں تو ٹریفک پولیس ان کے چالان کس طرح کرے گی۔

کچھ صارفین نے اڑنے والی گاڑی کو مستقبل میں ٹریفک جام سے بچنے کا ممکنہ حل قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے سائنس فکشن فلموں میں دکھائی جانے والی گاڑیوں کی حقیقت بننے سے تعبیر کیا۔

ٹیسلا کی نئی روڈسٹر نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ مستقبل کی نقل و حمل صرف سڑکوں تک محدود رہے گی یا انسان واقعی ایسی گاڑیوں میں سفر کرے گا جو ضرورت پڑنے پر زمین چھوڑ کر فضا میں بھی پرواز کرسکیں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں