اہم پیش رفت، وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی، نامزدگیوں کا عمل مکمل ہو گیا۔
خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے قیام سے متعلق فائل فوٹو
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کونسل کے 48 نمائندگان کی حتمی فہرست کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کونسل کے چیئرپرسन شوکت اللہ خان ہیں جن کا تعلق ضلع باجوڑ سے اور ترکانی قبیلے سے ہے، جبکہ ضلع شمالی وزیرستان سے وزیر قبیلے کے ملک خان مرجان کو علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کا وائس چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات اور رپورٹس کے مطابق تمام 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے 48 نمائندگان کے انتخاب کا عمل مقامی جرگوں کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا گیا۔ تمام اضلاع میں باوقار اور مقامی آبادی کے پسندیدہ کونسل ارکان کی نامزدگی کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے خصوصی جرگے منعقد کیے گئے۔
جرگوں کے ذریعے نامزد کردہ کونسل ارکان کے ناموں کی جانچ پڑتال اور پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈمنسٹریٹر علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ نے کی۔ اس مشاورتی عمل کے بعد نامزد ارکان کے نام چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کیے گئے، جنہوں نے تمام ناموں پر مزید کارروائی کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائی۔ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے نامزد کونسل ارکان کے نام منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کیے گئے تھے، جہاں سے اب باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
مختلف اضلاع سے نامزد کردہ نمائندگان میں ضلع باجوڑ کے 4 ارکان میں شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان زیب اور حاجی لالی شاہ شامل ہیں۔ ضلع مہمند کے 3 نمائندگان میں ملک فیاض خان، ملک نادر منان اور ملک صاحب خان امبر شامل ہیں۔ ضلع خیبر کے 5 نمائندگان میں ملک عبدالرزاق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان خدمات سر انجام دیں گے۔ ضلع کُرم کے 5 نمائندگان میں منیر حسین بنگش، ملک عبدالولی خان، ملک زمین حسین، سید ولی سید میاں اور احسان اللہ احسان شامل ہیں۔
اسی طرح ضلع اورکزئی کے 3 نمائندگان میں لال مان شاہ، سید فخر عباس اور فیض اللہ کے نام شامل ہیں۔ ضلع شمالی وزیرستان کے 5 ارکان میں ملک خان مرجان، ملک نصراللہ، ملک حاجی شیر محمد، مفتی مصباح اللہ خان اور ملک حبیب خان شامل ہیں۔ ضلع جنوبی وزیرستان اپر کے 4 نمائندوں میں صالح شاہ، ملک عرفان الدین احمد برکی، ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان خدمات انجام دیں گے، جبکہ ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے 4 ارکان میں ملک علاؤالدین وزیر، ملک جمیل توجی خیل، ملک معین الدین وزیر اور ملک سردار عباس شامل ہیں۔
ضلع بنوں کے 4 نمائندوں میں باز محمد خان، مولانا عبدالغفار قریشی، ملک شیریں اور ملک احسان خان شامل ہیں۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے 4 نمائندگان میں عبدالحلیم، سردار آغاز خان، سردار عباد خان اور قیضر خان ایڈووکیٹ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ضلع ٹانک کے 3 نمائندوں میں نوابزادہ عبدالوہاب، عبداللہ ننگیال اور عرفان اللہ کنڈی شامل ہیں، جبکہ ضلع لکی مروت کے 4 نمائندوں میں مولانا عمر اشرفی، ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف متی کے نام شامل ہیں۔